اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بس یہ بلاتے ہی رہیں گے، میں تو سمجھا تھا کہ آج آخری پیشی ہو گی، اسلام آباد دھرنا کیس میں عمران خان کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی، پیشی کے بعدعدالت سے باہر نکلتے ہی اپنے وکیل بابر اعوان کو کھری کھری سنا دیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد دھرنا کیس کی سماعت آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی عدالت کے روبرو حاضر ہوئے، عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 11دسمبر
تک توسیع کرتے ہوئے انہیں آئندہ پیشی پر بلا لیا ہے۔ عمران خان انسداد دہشتگردی عدالت سے باہر آتے ہی اپنے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ پر چڑھ دوڑے اور انہیں کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ میں تو سمجھ رہا تھا کہ آج آخری پیشی ہو گی مگر جج نے تو پھر بلا لیا ہے۔ یہ کہہ کر عمران خان گاڑی میں سوار ہوئے اور بابر اعوان جو کچھ کہنا چاہ رہے تھے کہ کہنے سے قبل ہی زور سے گاڑی کا دروازہ بند کر دیا۔ عمران خان اور بابر اعوان کے درمیان ہونیوالی بات چیت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے ۔