کوئٹہ(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہاہے کہ نوازشریف کی عدالت عظمیٰ سے نااہلی اور جسٹس باقر نجفی رپورٹ کے منظر عام پر آنے سے مسلم لیگ(ن) کاپہیہ مکمل جام ہوگیاہے ،شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ ہی ماڈل ٹاؤن واقعہ کے ذمہ دار ثابت ہوئے ہیں ،ہماری آنکھوں کے سامنے امیر ملک کو غریب بنایاجارہاہے ،ملک سے کرپشن کے خاتمے کا بیڑہ پاکستان تحریک انصاف نے اٹھارکھاہے
عمران خان کو وزیراعظم بنا کر پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ممکن بنائینگے ،ہمارے اورمیاں نوازشریف کی کیسز میں کوئی جوڑ نہیں ان پر فرد جرم عائد کیاجاچکاہے جبکہ ہمارے کیس کا جائزہ لیاجارہاہے اور فیصلہ محفوظ ہے اس سلسلے میں انصاف کی توقع رکھتے ہیں ،ووٹ لینے والے ووٹ لیکر اپنی ذمہ داریاں بھول جاتے ہیں جن سے واضح ہوتاہے کہ حکمرانوں کے دلوں میں غریب کا کوئی درد ہی نہیں ،محمود خان اچکزئی کی پشتونوں سے متعلق بیان پر دکھ ہوا اس سے ثابت ہواکہ وہ پشتونوں کے لیڈر نہیں ،خیبرپشتونخوا میں عوامی مقبولیت میں مزید اضافہ ہواہے جس کا واضح ثبوت ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ہاتھوں تمام جماعتوں کو ہونے والی شکست ہے ۔ وہ بدھ کو کوئٹہ پہنچنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت اور بعد ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ورکرز کنونشن سے پارٹی کے صوبائی صدر سردار یارمحمد رند ،نواب زادہ شریف جوگیزئی ،قاسم خان سوری ،اسماعیل لہڑی ،سردارخادم حسین وردگ ،عبدالباری بڑیچ ،نورالدین کاکڑ ،شمس ایڈووکیٹ ،منورہ منیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جہانگیر ترین کاکہناتھاکہ میاں نوازشریف کے خلاف عدالت عظمیٰ کے فیصلے اور اب جسٹس باقر نجفی کی جانب سے ماڈل ٹاؤن واقعہ سے متعلق رپورٹ کو منظر عام پر لانے کے حکم کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) کا پہیہ مکمل طور پر جام ہوگیا ہے ،انہوں نے کہاکہ منظر عام پر آنے والی رپورٹ سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ ماڈل ٹاؤن واقعہ اور وہاں لوگوں کے قتل کے ذمہ دار ثابت ہوئے ہیں میاں شہبازشریف نے کہاتھاکہ اگر ان پر کوئی بھی الزام ثابت ہوا تو وہ بغیر کوئی لمحہ ضائع کئے مستعفی ہوجائینگے انہیں اب فوری طور پر مستعفی ہوجاناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ ڈھائی سال تک سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق رپورٹ چھپائی گئی اور اب عدلیہ کے حکم پر اس سے منظر عام پر لیاگیاہے انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کو عدالتوں میں پیش کرکے ان سے پوچھا جاناچاہئے کہ آخر انہیں حکم کس نے دیا انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کی جانب سے عدلیہ پر تنقید بے جا ہے ووٹ کیلئے لوگ ووٹرز کے پاس جاتے ہیں علاج کیلئے ڈاکٹر کے پاس جبکہ انصاف کیلئے لوگ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں میاں نوازشریف کے خلاف عدالت کافیصلہ انصاف اور حق پر مبنی ہے انہوں نے کہاکہ یہ تو کوئی بات نہیں ہوئی کہ ایک آدمی چوری کرے اور پھر عوام کے پاس جا کر کہے کہ وہ چور نہیں ،انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف قائم کرپشن کے مقدمات اور میرے اور عمران خان کے مقدمات میں کوئی جوڑ نہیں میاں نوازشریف اور ان کی اہل خانہ سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کئے جاچکے ہیں جبکہ ہمارے کیسز عدالت میں زیر سماعت ہے اور ان پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیاہے ،عمران بیرون ملک سے پیسہ کما کر پاکستان لے آیا اور انہوں نے منی ٹرائل بھی پیش کی میں نے بھی کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی بلکہ ٹیکسز بھی ادا کئے ہیں جبکہ میاں محمدنوازشریف کی منی ٹرائل صفر ہے اس حوالے سے وہ عدالت میں ایک بھی چیز پیش نہیں کرسکے ،انہوں نے کہاکہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے پشتونوں کے متعلق دئیے گئے بیان سے مجھے دکھ ہوا بلکہ اس سے ثابت ہوا کہ وہ پشتونوں کے لیڈر نہیں بلکہ میاں نوازشریف کے حواری ہے انہوں نے کہاکہ خیبرپشتونخوا کی عوام پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور آنے والے عام انتخابات میں ہم ایک مرتبہ پھر کلین سویپ کرینگے ،انہوں نے کہاکہ خیبرپشتونخوا میں پی ٹی آئی کی مقبولیت کی واضح مثال ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی تمام مخالفین کی تحریک انصاف سے شکست ہے ۔بعدازاں جہانگیر ترین نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان میں بھی منظم آرہی ہے ،میرٹ کے بغیر ہمیں کہیں بھی کامیابی نہیں مل سکتی انہوں نے کہاکہ ہمارے آنکھوں کے سامنے اس امیر ملک کو غریب بنایاجارہاہے ووٹ لینے والے ووٹ لیکر اپنی ذمہ داریاں بھول جاتے ہیں جس سے واضح ہوتاہے کہ حکمرانوں کے دلوں میں غریب کا کوئی درد نہیں انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی اولین ترجیح عوام کی خدمت نہیں ہے بلکہ اپنی مفادات ہے اس وقت پاکستانی عوام کے امیدوں کی آخری کرن عمران خان ہی ہے ،انہوں نے کہاکہ ہم اکھٹے ہیں اور اکھٹے رہیں گے اور 2018ء کے انتخابات میں اتحاد واتفاق سے کامیابی حاصل کرینگے ان کاکہناتھاکہ کرپشن کے خلاف تحریک انصاف نے جدوجہد کی جس کے نتیجے میں سابق وزیراعظم نوازشریف نااہل بلکہ میاں نوازشریف اور ان کے بیٹوں کو نیب قانون کے مطابق بھی سزا ہوگی انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف اپنی دفاع کیلئے ایک گواہ تک پیش نہیں کرسکے اور دوسری جانب بے گناہی کا رونا رورہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف طاہر القادری کے ساتھ مل کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دران کے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کرتی ہے انہوں نے کہاکہ جب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک غریب کو اس کا حق نہیں مل سکتا ہم سب عمران خان کو ملک کا وزیراعظم بنا کر پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کرینگے ۔