اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی کابینہ نے ممنوعہ بور اسلحہ کے لائسنس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے موقع پر اپنے خطاب میں ممنوعہ بور اسلحہ کے لائسنس پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ممنوعہ بور اسلحہ کے لائسنس پر پابندی لگانے کے حوالے سے وزارت داخلہ کی سمر ی کی منظوری دی گئی ۔
اس کے تحت ممنوعہ اسلحہ رکھنے والوں کو دو آپشنز دیے جائیں گے کہ وہ یا تو اس اسلحے کو غیر ممنوعہ بور میں بدل دے یا پھر حکومت انہیں ممنوعہ اسلحہ جمع کرانے کی صورت اس کے عوض 50ہزار روپے دے گی ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے موقع پر اپنے خطاب میں ممنوعہ بور اسلحہ کے لائسنس پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد اس حوالے سے کام شروع ہوگیا تھا اب اس کو عملی جامہ پہنا دیا گیا ۔ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ممنوعہ بور رکھنے کی اجازت ہوگی ۔