لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم ومسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو ناراض ارکان کو منانے کیلئے ٹاسک سونپ دیا ،مرکزی لیگی رہنما 15 دسمبر کے بعد جنوبی پنجاب کے دورے کرکے ناراض اراکین سے ملاقاتیں کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نوازشریف سے سینیٹر پرویز رشید ، ایاز صادق ،خواجہ سعد رفیق ، سینیٹر آصف کرمانی سمیت دیگر نے ملاقات کی ۔ جس میں ناراض لیگی ارکان اسمبلی کے تحفظات دور کرنے ، دسمبر میں جنوبی پنجاب کے دوروں سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے
غوروخوض کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ناراض ارکان کے تحفظات دور کئے جائیں اور اس سلسلہ میں سینئر رہنماؤں کو ان اراکین سے فوری رابطے کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق مرکزی لیگی رہنما 15 دسمبر کے بعد جنوبی پنجاب کے دورے کرینگے اور ناراض اراکین کے تحفظات دور کرینگے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں پرویز رشید ، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق کو ٹاسک سونپ گیا ہے۔ مزید بتایاگیا ہے کہ اس موقع پر نواز شریف کے عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں آئندہ کی حکمت عملی اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔