لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے فیض آباد دھرنے کے اختتام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحران کے حل کیلئے وزیر قانون کا استعفیٰ کافی پہلے آجانا چاہیے تھا، ناکام آپریشن سے سیکڑوں شہری زخمی ہوئے اور املاک تباہ ہوئیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی غفلت کے باعث پورے ملک میں زندگی کا پہیہ جام ہوگیا۔ تشدد اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے بغیر بھی معاملہ کافی پہلے حل کیا جاسکتا تھا۔ سچ
تو یہ ہے کہ حکومت نے ابتدا ہی سے معاملے کے بارے میں انتہائی غلط انداز اختیار کیا۔انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کے دور اقتدار میں معیشت زمین بوس ہوچکی ہے۔ گورننس کا بیڑہ غرق، بیروزگاری اور لوگوں کی مشکلات ناقابل یقین حد تک بڑھ چکی ہیں۔ قوم نے کافی مصائب اٹھا لیے اب حکومت کی رخصتی کا وقت آن پہنچا ہے۔شفقت محمود نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور کابینہ مستعفی ہوں اور نئے انتخابات کروائے جائیں اور قوم کو بحران سے نکالنے کا یہ واحد جمہوری راستہ ہے۔