اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو معروف نجی ٹی وی چینل نے آگاہ کیا ہے کہ اس نے پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی جانب سے تحریک انصاف کے بانی راہنما اکبر ایس بابر پر مریم نوازشریف کے ساتھ
رابطوں کا الزام جھوٹ ثابت ہونے پراپنے پروگرام میں آنے پر پابندی لگادی ہے۔ پیمرا نے متعلقہ ٹی وی کو حکم دیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر شکایت گزار اکبر بابر کا پوراموقف اپنے متعلقہ پروگرام میں نشرکرے۔ پیمرا نے یہ کاروائی اکبر ایس بابر کی تحریری شکایت پر کی جو انہوں نے فروری 2017ء میں دائر کی تھی۔ شکایت میں کہاگیا تھاکہ فیاض الحسن چوہان نے نجی ٹی وی (ڈان) کے پروگرام میں ان پر یہ بے بنیاد اور جھوٹا الزام لگایا کہ مریم نوازان سے رابطے میں تھیں اور یہ دعوی بھی کیا کہ انہیں یہ بات ایک ٹی وی پروڈیوسر نے خود بتائی ہے۔ متعلقہ پروڈیوسر نے فیاض الحسن چوہان کے دعوے کو غلط بیانی اور جھوٹ قرار دیا۔ پیمرا کو متعلقہ نجی ٹی وی نے بتایا کہ اس جھوٹ کی وجہ سے فیاض الحسن چوہان کی گزشتہ کئی ماہ سے تمام پروگراموں میں آنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ پیمرا نے متعلقہ ٹی وی کو ہدایت کی کہ16دسمبر2017ء سے قبل ایک ماہ کے مدت کے اندراکبر بابر کو بھی اسی پروگرام میں موقف پیش کرنے کا پورا موقع دیاجائے جس میں الزام عائد کیاگیا تھا۔