اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چند روز قبل ایک خبر پاکستانی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھی کہ ’’جاز‘‘ صارفین کو بیلجئیم سے مسڈ کالز موصول ہو رہی ہیں اور واپس کال کرنے پر صارفین کو ہزاروں روپے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے کیونکہ اس کے کھاتے میں بھاری بھرکم بل ڈال دیا جاتا ہے۔ اب خبر یہ ہے کہ یہ فراڈ وسیع پیمانے پر شروع کر دیا گہا ہے ۔ روزنامہ پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق اب نہ صرف جاز بلکہ ہر نیٹ ورک کے صارفین کو کئی ممالک سے فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔
ان ممالک میں لیتھوانیا، برونڈی اور مراکش و دیگر شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق نوسرباز پاکستان میں لوگوں کو مسڈکالز دیتے ہیں اور جب لوگ تجسس کے ہاتھوں مجبور ہو کر بیک کال کرتے ہیں تو ایک آٹو پیغام سنائی دینا شروع ہو جاتا ہے جو کافی طویل ہوتا ہے۔ جب صارف اس پیغام سے تنگ آ کر کال منقطع کرتا ہے تب تک اسے ہزاروں روپے کا ٹیکہ لگ چکا ہوتا ہے۔ یہ فون کالز صرف پاکستان میں ہی نہیں، امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں موبائل فون صارفین کو موصول ہو رہی ہیں۔