راولپنڈی(آئی این پی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کاخواہاں ہے ، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے اور وہ آگ کیساتھ کھیل رہا ہے، پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے مگر دفاع سے غافل نہیں ،
مسئلہ کشمیر بدستور جوہری جنگ کے خطرات کا پیشہ خیمہ ہے ،غیر ریاستی عناصر کے ذریعے جنوبی ایشیاء کو عدم استحکام کا شکار کیا جارہا ہے، تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں ، ممالک کو روکنے اور گھیرنے کی پالیسی خطے کے لئے نقصان دہ ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وہ منگل کو جنوبی ایشیاء میں تزویراتی خدشات اور علاقائی جہتوں سے متعلق دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اپنے خطاب میں جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں علاقائی جہتیں اور خدشات کو دیکھنا ہو گا ، جنوبی ایشیاء کے جغرافیائی معاشی ، تزویراتی اور سیاسی امور کو دیکھنا ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کا معاملہ جنوبی اور وسطی ایشیاء کے مابین اہم خطہ ہے اور خطے میں سلامتی کے ضامن ہونے کی تگ و دو بھی تزویراتی اہمیت رکھتی ہے ، بیرونی طاقتیں بڑے تزویراتی ڈیزائز کو آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں ، مجموعی باہمی ترقی کے لئے ابھی بہت سے ممالک کو سمجھنا ہوگا۔جیو اکنامکس اور جیولوجیکل مفادات ایک دوسرے سے متصادم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ غیر ریاستی عناصر کے ذریعے جنوبی ایشیاء کو عدم استحکام کا شکار کیا جارہا ہے ۔ماحولیاتی ، تغیرات اور آبی مسائل پیچیدہ چیلنجز کو مزید بڑھا رہے ہیں ، مسئلہ کشمیر بدستور جوہری جنگ کے خطرات کا پیشہ خیمہ ہے ۔ جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ کسی بھی قسم کا غلط اندازہ خطرات کا باعث بن سکتا
ہے ، پاکستان افغانستان میں پائیدارامن کا خواہاں ہے جبکہ بھارت میں انتہا پسندی بڑھ رہی ہے ، کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم اور پاکستان کی طرف جنگی ہیجان واضح ہے ۔کشمیر میں بھارتی مظالم میں 90ہزار کشمیریوں کو شہید کیا گیا ، پیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں افراد کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ ایل او سی پر 1200 سے زائد بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے جنوبی ایشیاء میں پائیدارامن کا راستہ کشمیر سے ہو کر گزرتا ہے ، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے اور وہ آگ کیساتھ کھیل رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت خطے کے امن کو خطرات سے دو چار کررہا ہے ۔بھارت خطے کے امن کو خطرات سے دو چار کررہا ہے اور سی پیک کیخلاف ہر سطح پر سازش کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان تمام حالات کے تناظر میں کم ازکم جوہری صلاحیت برقرار رکھے گا اور پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ مگر دفاع سے غافل نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں اور ممالک کو روکنے اور گھیرنے کی پالیسی خطے کے لئے نقصان دہ ہے ۔