اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ بتاریخ 7ستمبر 2017ء میں عارف حمید بھٹی کی جانب سے اﷲ تعالیٰ کا ذکر انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں کرنے پر اظہارِ وجوہ نوٹس کا فیصلہ سناتے ہوئے چینل انتظامیہ کو ناظرین سے معذرت نشر کرنے کا حکم دیا ہے۔اتھارٹی نے مذکورہ خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے چینل انتظامیہ سے مورخہ 15ستمبر 2017ء کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیاتھا اور چینل نمائندے کو ذاتی حیثیت میں
بھی طلب کیا تھا۔چینل نمائندے کی جانب سے پیش کردہ تحریری جواب کا تجزیہ کرنے کے بعد اتھارٹی اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ ٹی وی چینل کا یہ عمل پیمرا ضابطہ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا 2015ء کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔پیمرا کی جانب سے چینل کو ادارہ جاتی نگران کمیٹی قائم کرنے اور اس کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کاحکم دیا ہے۔ پیمرا نے اے آر وائی نیوز کو موثر تاخیری نظام نصب کرنے کابھی حکم دیا ہے۔مندرجہ بالا احکامات کی عدم تعمیل یا خلاف ورزی دہرانے پر اتھارٹی چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت کاروائی کرے گی۔