اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ختم نبوتﷺ معاملے سے متعلق رپورٹ تیار، وزیراعظم کے حوالے، پبلک نہ کرنے کا فیصلہ، زاہد حامد اور انوشہ رحمان کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، زاہد حامد کا کہنا ہے کہ ختم نبوت ﷺ قانون میں ترمیم کا حکم ملا تھا سو میں نے تعمیل کر دی،
معروف صحافی صابر شاکر کے انکشافات۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں معروف صحافی صابر شاکر نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ختم نبوتﷺ قانون میں ترمیم کے ذمہ داران کا تعین کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے رپورٹ تیار کر کے وزیراعظم کو دے دی ہے جس کو پبلک نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ختم نبوت ﷺ معاملے پر ذمہ داران کے تعین کیلئے راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں قائم تین رکنی کمیٹی کے ارکان کو رپورٹ کا کوئی بھی حصہ باہر لانے سے بھی منع کر دیا گیا ہے ۔ صابر شاکر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا ہے کہ ختم نبوتﷺ قانون میں ترمیم کے حوالے سے جو بھی ہوا وہ میں نے نہیں کیا بلکہ مجھ سے کروایا گیا ، مجھے جو حکم ملا تھا میں نے اس کی تعمیل کر دی، اس موقع پر پروگرام میں شریک میزبان و سینئر صحافی سمیع ابراہیم کا کہنا تھا کہ رپورٹ پبلک نہ کر کے انوشہ رحمان اور زاہد حامد کو بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔