ننکانہ صاحب(مانیٹرنگ ڈیسک) کرم ایجنسی دھماکے میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین کو ننکانہ صاحب میں سپردخاک کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید کیپٹن حسنین کا جسد خاکی ننکانہ صاحب پہنچا تو پورا علاقہ امڈ آیا، شہید کے جنازے پر پھول نچھاور کیے گئے، نماز جنازہ
میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے ، جس کے بعد شہید کیپٹن حسنین کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔آرمی چیف اور صدر مملکت کی طرف سے قبر پر پھول چڑھائے گئے۔شہید کے والد نے بیٹے کی شہادت پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ 100 بیٹے بھی ہوتے تو تووہ بھی وطن پر قربان کرتا، شہید کا والد بننے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔جوان بیٹے کی شہادت پرماں کی آنکھیں نم تھیں، بھائیوں نے کہا حسنین ان کے لیے ہمیشہ زندہ رہیگا۔یاد رہے گذشتہ روز کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کیپٹن سمیت 4 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے، شہید اہلکار غیرملکیوں کے اغواکاروں کی تلاش میں مصروف تھے کہ دھماکا ہوگیا۔دھماکے میں شہید ہونے والوں میں کیپٹن حسنین،سپاہی سعید باز،سپاہی قادراورسپاہی جمعہ خان شامل تھے جبکہ سپاہی ظاہر،نائیک انور اورلانس نائیک شیر افضل زخمی ہوئے ۔خیال رہے کہ دوروز قبل پاک فوج نےانٹیلی جنس بنیاد پرکامیاب آپریشن کے دوران کرم ایجنسی سے کینیڈین امریکن خاندان کوبازیاب کرایا تھا۔