لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ شیخ رشید ڈی جی آئی ایس پی آر کا ترجمان بنا ہوا ہے، شیخ رشید آئی ایس پی آر کے بیان کو اپنے معنی پہناتے ہیں، شیخ رشید کو دو ٹوک الفاظ میں اس عمل سے روکا جائے،سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کردار پوری قوم کے سامنے ہے، نیب پر 6ماہ کی تلوار لٹکی ہوئی ہے ،امید ہے چیف جسٹس آف پاکستان ضرور اس بات کا نوٹس لیں گے اور وہ انصاف کو دفن نہیں ہونے دینگے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے کسی ایک شخص کی ضرورت نہیں، پاک فوج کے جوان جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، جوانوں کے کامیاب آپریشنز سے دنیا میں پاکستان کی عزت بڑھی،پاک فوج کے کامیاب آپریشن پر ٹرمپ کو بھی تعریف کرنی پڑی، حقانی نیٹ ورک کا غلط الزام پاکستان پر لگایا جارہا ہے، شہدا ء نے اپنے خون سے اس الزام کو بھی دھو دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو گالم گلوچ بنادیا ہے، سپریم کورٹ کے باہر ایک سال بار بار خطاب کی پریکٹس چلی، یہ لوگ ہیں جنہوں نے جمہوریت سے عزت کا جنازہ نکال دیا۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان بدکردار انسان ہے، بدکرداروں کا ٹولہ بنی گالہ میں ہے جہاں خواتین کی عزت محفوظ نہیں۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان معاشی اور سکیورٹی لحاظ سے آگے بڑھے گا، جمہوریت کے لیے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔نواز شریف پاکستان کے مقبول لیڈ ر ہیں اور ان کے خاندان پر ریفرنس چلائے جارہے ہیں ،نیب پر 6ماہ کی تلوار لٹکی ہوئی ہے ،امید ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان ضرور اس بات کا نوٹس لیں گے اور چیف جسٹس آف پاکستان انصاف کو دفن نہیں ہونے دینگے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بیانا ت کو رنگ بدل کر پیش کیا جارہا ہے ۔پر امید ہیں کہ روز پیدا ہونے والا ابہام ختم ہوجائے گا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف اہلیہ کے علاج کے لیے بیرون ملک مقیم ہیں ۔نواز شریف عدالتوں کا سامنا کرکے بیرون ملک روانہ ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو کی پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے، پورے پاکستان کی پارٹی کو دیہی سندھ کی پارٹی بنادیا گیا ہے۔