گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں خواتین کو تیز دھار آلے سے نشانہ بنانے والے مبینہ ملزم وسیم کو گوجرانوالہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق خواتین پر حملوں میں ملوث ملزم کے دوست کی نشاندہی پر پنجاب اور کراچی پولیس نے گوجرانوالہ میں مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران وسیم نامی مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم وسیم کراچی میں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی
کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اسے مزید تفتیش کے لئے کراچی منتقل کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق مبینہ مرکزی ملزم وسیم کے قریبی دوست شہزاد کو پولیس نے 4 روز قبل ملیر سے حراست میں لیا تھا۔چھری یا تیز دھار آلے سے خواتین کو نشانہ بنانے والا ملزم کراچی کے علاقے گلستان جوہر اور گلشن میں کارروائیاں کرتا تھااور اب تک 16 خواتین کا نشانہ بنا چکا ہے۔ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل سوار ملزم خواتین کو عقب سے نشانہ بناتا اور زخمی کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا اس سے قبل پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ خواتین کو نشانہ بنانے والا ملزم نفسیاتی ہے جب کہ سندھ حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے شخص کیلئے 5 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور درجنوں افراد کو حراست میں بھی لیا تاہم کوئی کامیابی نہ مل سکی جبکہ پولیس نے چھری مار ملزم کے شبہ میں رشوت لینے کے بعد افراد کو رہا بھی کیا۔ جمال شاہ نامی شہری کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے اینٹی وائلٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) گارڈن میں چھاپہ مار کر 7 افراد کو بازیاب کرایا جنہیں جبراً حراست میں لیا گیا تھا۔ عدالتی چھاپے کے بعد 7 افراد کی بازیابی پر 2 انسپکٹروں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کرتے ہوئے ان پر مقدمہ بھی درج کیا گیا۔