کراچی(این این آئی)عالمی بینک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کی وجہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے آنے والے انتخابات میں اصلاحات کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔عالمی بینک نے پاکستانی معیشت کو لاحق خطرات پر رپورٹ جاری کردی۔ جس میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی سے سیاسی عدم استحکام بڑھا ہے۔
جس سے حکومتی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنے کو بھی خطرات بڑھے گئے ہیں۔ ایسے میں آئندہ عام انتخابات کی وجہ سے اصلاحات کا عمل متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔رپورٹ کے مطابق الیکشن کی وجہ سے بجٹ خسارے میں اضافے کا امکان ہے جبکہ محصولات میں کمی سے بجٹ خسارہ بڑھے گا۔عالمی بینک کے مطابق بجٹ خسارے اور کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پاکر ہی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے ۔اقتصادی ترقی جو بھی ہوگی وہ سروسز اور صنعتی شعبے سے آئے گی .اس وقت کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ زرمبادلہ کے ذخائر کو متاثر کررہا ہے اور برآمدات میں اضافہ کرکے ہی کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ تجارتی خسارے پر دباؤ آئندہ دو سالوں تک برقرار رہے گا اور مناسب اقدامات نہ اٹھائے تو غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے ترسیلات زر اہم کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ پائیدار ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے تجارتی خسارے کو کم کرنے اور اصلاحات کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ سی پیک کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان برقرار رہے گا۔