اسلام آباد(آن لائن)بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو او پی ایف کی جانب سے سفارت خانوں میں قائم کیے گئے شکایات کاؤنٹر سیل سے بھی شکایات ہونے لگی ہیں ، درجنوں دیارغیر میں رہنے والے پاکستانیوں نے او پی ایف کارڈ کی ڈیمانڈ کی تو انہیں یہ کہہ کر ٹرخا دیا گیا کہ او پی ایف کارڈ کا اجراء کرنا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں ۔ گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حبیب اللہ ، اعجاز احمد ودیگر نے بتایا کہ انہیں گلف
ممالک موجود سفارت خانوں سے شکایات ہیں کہ او پی ایف رجسٹریشن کارڈ کے حصول کے لئے جب ان سے رجوع کیا جاتا ہے تو وہ ہمیں او پی ایف کے قائم کردہ شکایات کاؤنٹر سیل پر بھیج دیتے ہیں اور وہاں جا کر ہمیں مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جب باہر ممالک جانیوالے افراد اپنا پروٹیکٹر کرواتے ہیں اور متعلقہ فیس بھی گورنمنٹ کے خزانے میں جمع کرا دی جاتی ہے تو او پی ایف ممبر شپ کارڈ اسی وقت مل جانا چاہیے لیکن یہاں آ کر مسائل درمسائل سے ہمیں دو چارہونا پڑتا ہے اور ہماری اپیل ہے کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز و دیگر ذیلی ادارے ہمارے مسائل پر توجہ دیں۔