راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دبئی میں ٹیکنوکریٹ حکومت بنانے کی باتیں چل رہی ہیں، مارچ سے پہلے حکومت کی شناختی پریڈ ہوجائے گی۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیرداخلہ یا نوازشریف فوج کے خلاف بیان دیں
تو یہ سازش ہے کیونکہ سیاست میں سیاستدانوں کے خلاف بیان دیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت مضبوط ہوگی تو خارجہ پالیسی بہتر ہوجائے گی، چین نے سی پیک منصوبہ شروع کرکے ہماری معیشت کو مضبوط کیا اور اب سعودی عرب بھی سی پیک کا حصہ بننے جارہا ہے، میں پاک چین اقتصادی راہداری کا حامی ہوں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمران چوری کر کے سینہ زوری کرتے ہیں، جس دن مسلم لیگ ن نے سچ بولنا شروع کیا ان کی سیاست ختم ہوجائے گی، حکومت نے چار سالوں میں ملک کی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے حاصل کیے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں، حکومت نے نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اُن لوگوں کو بٹھایا ہوا ہے جن پر فرد جرم عائد کی گئی، میں کسی کا ترجمان نہیں مگر ہمیشہ وہی بات کرتا ہوں جو ملکی مفاد کے لیے ہوتی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے 2017 بہت بھاری سال ہے ، نوازشریف کے ساتھ رہنے والوں نے اپنے ہی لوگوں 35 سے 40 لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے آئی بی کا خط جاری کیا جس میں صرف انہی لوگوں کے نام تھے جو ماضی میں مشرف کے ساتھی رہے۔