رائے ونڈ(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں نے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایڈمن مینیجر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جو دم توڑ گیا ،پولیس نے فیکٹری انتظامیہ کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ رائے ونڈ میں واقعہ ایک ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی تھی ۔ گزشتہ روز چالیس سے پچاس مزدور ٹیکسٹائل ملز کے ایڈ من مینیجر محمد نواز دگل کے پاس گئے اور واجبات کی ادائیگی کا تقاضہ کیا ۔
توں تکرا ر پر مزدوروں نے ایڈ مینیجر پر دھاوا بول دیا اور اس پر تشدد کیا جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی ۔ نواز کو سوشل سکیورٹی ہسپتال رائے ونڈ پہنچایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔ فیکٹری انتظامیہ کے مطابق نواز دل کے عارضے میں مبتلا تھا ۔ ذرائع کے مطابق ٹیکسٹائل ملز کے حالات مالی حالات گزشتہ چار ،پانچ سال سے خراب چلے آرہے تھے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر پہلے بھی متعدد بار لڑائی جھگڑے کے واقعات ہو چکے ہیں۔ پولیس نے فیکٹری انتظامیہ کی درخواست پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔