کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسپیکرسندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما آغاسراج درانی ووٹ کے تقدس کے بارے میں انتہائی حقارت کے اظہار کے اپنے جملے پر معافی مانگنے پر مجبور ہو گئے ہیں، ان کی گفتگو کی مختصر وڈیو فیس بک پر وائرل ہو گئی۔اسپیکر سندھ اسمبلی اغا سراج درانی برادری کے کسی اجتماع میں شریک تھے کہ ان سے فرش پر بیٹھے ہوئے ایک نوجوان نے سوال کر لیا کہ آپ صرف ووٹ لینے کے وقت ہی آتے ہیں
جس پر سراج درانی آگ بگولہ ہو گئے اور کہا تم نے سوال کیا ہے تو جواب بھی لو، میں تمہارے ووٹ پر پیشاب بھی نہیں کرتا ہوں، سراج درانی کی اس گفتگو کی فیس بک پر ڈالی گئی وڈیو وائرل ہو گئی اور انہیں عوام کا اور سندھ کادشمن قرار دیا گیا، یہ وڈیو جمعہ کو سارا دن گردش کرتی رہی جس پر سراج درانی نے رات کو معذرت کر لی وڈیو دیکھنے والوں نے وزیراعلی اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وڈیو فیس بک پر ڈالنے والے اور اس کے خاندان کو سنجیدگی سے تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ اسے انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔