کراچی(این این آئی)خواتین پرچھرے سے حملہ کرنے والے ملزم وسیم کے گرفتارساتھی شہزاد نے دوران تفتیش جرم میں برابر کی شرکت اور خواتین کی ریکی کا اعتراف کرتے ہوئے اہم انکشافات کیئے ہیں۔گرفتار ملزم شہزادنے انکشاف کیا ہے کہ خواتین کو چھرا مارنے والا شخص کوئی اور نہیں اس کا دوست وسیم ہے جو ساہیوال میں بھی خواتین کو چھرے مارتے ہوئے خوف کی علامت بنا ہوا تھا۔شہزاد نے بتایا کہ وہ جرم میں برابر کا شریک ہے،
چھرا مارنے کی ذمہ داری وسیم کی اور خواتین کی ریکی کرنے کی ذمہ داری میری تھی، وسیم گرفتار نہ ہوجائے اس لیے اس کی معاونت کرتا تھا۔دوران تفتیش معلوم ہوا ہے کہ ملزم شہزاد ملزم وسیم کا بچپن کا دوست ہے، وسیم ایک ماہ قبل ہی کراچی پہنچا تھا جب کہ شہزاد کئی برس سے یہاں مقیم ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف شارع فیصل تھانے میں 6 مقدمات درج ہیں۔ ملزم شہزاد کے قبضے سے چھری بھی برآمد ہوئی ہے۔خیال رہے کہ گلستان جوہر میں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کرنے کا سلسلہ 25 ستمبر سے شروع ہوا اور اب تک 15 خواتین کو زخمی کیا گیا ہے۔فی الوقت حملوں میں کمی آگئی ہے اور مرکزی ملزم وسیم تاحال قانون کی گرفت میں نہیں آسکا، پولیس اس پر عائد انعامی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کرچکی ہے۔