لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو نے 3سال قبل وفات پاجانے والے نیب کے مجرم سے جرمانے کی رقم وصول کرنے کے لئے کارروائی شروع کردی،جسے متوفی طالب حسین کے بیٹے نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ،جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس سرفراز احمد ڈوگر پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار عصمت اللہ کے وکیل نے استدعا کی کہ اسے درخواست میں ترمیم کی اجازت دی جائے ۔
عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ،درخواست گزار کا موقف ہے کہ درخواست گزار مرحوم طالب حسین کا بیٹا ہے،نیب نے 2006میں ریفرنس دائر کرکے طالب حسین کو گرفتار کیا، نیب عدالت نے طالب حسین کو 5 سال قید اور 25 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی، 2011 میں طالب حسین سزا پوری کرنے کے بعد رہا ہوا اور 2014 میں وفات پاگیا، رہائی کے 6سال بعد اب جرمانے کی وصولی کے لئے نیب نے اس کی اراضی نیلام کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے .