لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مزنگ کے رہائشی ملک اشرف نے الزام عائد کیا ہے کہ پی پی 140سے حکمران جماعت کے رکن اسمبلی ماجد ظہور نے استعمال کیلئے گاڑی مانگی لیکن ڈیڑھ سال سے واپس کرنے سے انکار ی ہیں ، مقامی پولیس کو درخواستیں دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی جبکہ رکن اسمبلی ماجد ظہور نے کہا کہ کسی سے کوئی گاڑی نہیں لی ، درخواست دینے والا بلیک میلر ہے او راس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔
مزنگ کے رہائشی ملک اشرف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی ماجد ظہور نے ڈیڑھ سال قبل سیاسی مہم کے لئے گاڑی مانگی اور جب میں نے گاڑی واپس مانگی تو کہا گیا کہ اس پر رکن اسمبلی کی نیم پلیٹ لگے گی ابھی چلنے دو تم بھی استعمال کرتے رہنا ۔ ملک اشرف نے کہا کہ گاڑی واپس نہ ملنے پر دو ماہ قبل مقامی پولیس اسٹیشن درخواست دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔ میں اعلیٰ حکام سے درخواست کرتا ہوں کہ مجھے میری گاڑی واپس دلوائی جائے ۔ جب اس سلسلہ میں رکن اسمبلی ماجد ظہور سے انکے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھاکہ الزام سرا سر جھوٹ ہے۔