اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سیکیورٹی ایجنسی انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے سربراہ آفتاب سلطان نے کہاہے کہ دہشت گردوں سے مبینہ تعلق رکھنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی 37 ارکانِ پارلیمنٹ کی جعلی فہرست کے معاملے میں ادارے کا ہاتھ نہیں ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب سلطان نے کہاکہ ہم نے ارکانِ پارلیمنٹ کی جعلی فہرست بنانے اور اسے لیک کرنے کے حوالے سے مکمل طور پر انکوائری کی جس کے
مطابق ادارے کا کوئی بھی فرد اس فہرست کو مرتب کرنے اور اسے لیک کرنے کا ذمہ دار نہیں پایا گیا۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ انٹیلی جنس بیورو ٗذمہ داران کو پکڑنے کیلئے تحقیقات کا حصہ کیوں نہیں ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ آئی بی نے محکمے کی سطح پر اس کی تحقیقات کرلی ہیں اور چونکہ آئی بی خود اس کیس کا حصہ ہے لہٰذا مزید تحقیقات پولیس کی جانب سے کی جائیں گی۔آئی بی چیف کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ پاکستان پیمرا کے ساتھ مل کر نجی چینل اے آر وائی نیوز کے خلاف بھی کیس کی پیروی کر رہا ہے جس نے ارکانِ پارلیمنٹ کی فہرست نشر کی۔