لاہور /بہاولپور(آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب نے دوران آپریشن ڈلیوری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ کئے جانے کے معاملے پر صوبائی وزیر صحت کے بعد بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ،واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا
تعین کیا جائے اور آپریشن کے دوران ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ میں خاتون کے آپریشن کی ویڈیو بنائے جانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور آپریشن کے دوران ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔اس سے قبل صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے احمدپور شرقیہ کے اسپتال میں دوران آپریشن ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ پنجاب سے واقعہ کی فوری رپورٹ بھی طلب کی تھی۔واضح رہے کہ بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ کے ہسپتال میں مسیحاں نے گھنانافعل کرتے ہوئے مریضہ کے ڈلیوری آپریشن کی موبائل سے فوٹیج بنا کرسوشل میڈیا پر ڈال دی تھی۔ویڈیومیں آپریشن کی منتظر دوسری مریضہ بھی چادر اور پردے کے بغیر دکھائی گئی، اس گھنانے فعل کو ڈاکٹرز نے نہ صرف فلمایا بلکہ سوشل میڈیا پر اس فوٹیج کو اپ لوڈ کر کے مسیحائی کے تقدس کو پامال کیا جو اس پیشے کی اخلاقی اقدار اور مشرقی روایات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔