سیالکوٹ(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ کے ڈار برادران پر الزامات کی بارش کر تے ہوئے کہاہے کہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ ایک جگہ اکٹھا ہوکر تحریک انصاف پر قبضہ کر نا چاہتا ہے ۔فردوس عاشق اعوان کی عثمان ڈار کے خلاف پارٹی کنونشن میں خطاب کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں انہوں نے کہا کہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ ایک جگہ اکٹھا ہو کر تحریک انصاف پر قبضہ کرنا چاہتا ہے ٗ وہ ٹو لہ سمجھتا ہے کہ پیسے کی طاقت
اور جائز و ناجائز کمائی دو لت سے پی ٹی آئی کے ورکرز کو خرید لے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فوٹو سیشن، فیس بک اور سلیفیاں بنانے والے ہر وقت عمران خان کے پیچھے رہتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جن لیڈران کا بڑھ چڑھ کر تعارف کرایا جا رہا ہے انکے گھر والے بھی انکے کہنے پر ووٹ نہیں دیتے۔اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈار براردان عمران خان کے بازوہیں ٗ ڈار برادران کی جدوجہد سے خواجہ آصف کا نام بھی جلد نااہلوں کی لسٹ میں شامل ہوگا۔