اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو کھری کھری سنا دیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے رینجرز کے سلوک پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے موقف کی تائید کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کے فیصلہ کو سراہا اور کہا اسے نظرانداز نہیں
کیا جاسکتا، نواز شریف نے واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت کو کمزوری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے جبکہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اختلاف کرتے ہوئے کہا غلطی احسن اقبال کی ہے ، وہ کسی یقین دہانی کے بغیر نیب عدالت کیوں گئے ؟ وزیر داخلہ پہلے تمام انتظامات کرتے پھر خود یا سینئر قیادت کو لے کر جاتے ، واقعہ سے حکومت اور ن لیگ کی جگ ہنسائی ہوئی ،سعد رفیق کے اختلاف پراحسن اقبال ناراض ہوگئے۔ذرائع کے مطابق نیب عدالت میں پیشی کے بعد نواز شریف پنجاب ہائوس پہنچے تو سب سے پہلے انہوں نے وزیر داخلہ سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں، اس موقع پر راجا ظفرالحق، پرویز رشید،آصف کرمانی، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، چودھری جعفر اقبال، چودھری ریاض،طلال چودھری ، طارق فضل چودھری اور دیگر رہنما موجود تھے ، نجی ٹیلی ویڑن چینلز پر واقعہ کی فوٹیج دیکھنے اور وزیر داخلہ احسن اقبال کی بریفنگ پر نواز شریف برہم ہوگئے۔انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا واقعہ کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں، اسے نظرانداز کرنا حکومت کی کمزوری ہوگی، ذمہ داروں کا پتہ چلا کر کارروائی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا کی یہی رائے تھی کہ دانستہ یہ سب کچھ کیا گیا ، یہ واقعہ معمولی نہیں ، نواز شریف نے باری باری تمام شرکا سے رائے لی تھی۔