اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن روانہ ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف لندن روانہ ہوگئے ہیں۔نواز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 757سے لاہور ائیرپورٹ
سے آج لندن کیلئے روانہ ہوئے ہیں ۔ انہیں رخصت کرنے کیلئے اس موقع پر ان کے قریبی ساتھی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی لندن روانگی کے حوالے سے خبر کل نجی ٹی وی نے چلائی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹکٹ کے مطابق جہاز میں ان کی بزنس کلاس میں سیٹ کا نمبر 1Jہےجبکہ ان کی واپسی 4جنوری 2018کو ہو گی ٹکٹ کی بکنگ کنفرم ہو چکی ہے۔ نواز شریف 4جنوری 2018کو6بجے لندن سے پاکستان کیلئے واپس اڑان بھریں گے اور 5جنوری کی صبح 7بجے ان کی فلائٹ ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق واپسی کی ٹکٹ جو کنفرم کرائی گئی ہے اس کا شیڈول تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ ملک سے طویل دورانئیے کی عدم موجودگی سے متعلق تاحال ن لیگ یا شریف خاندان کے ذرائع سے کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ شریف خاندان یا پارٹی کا کوئی رکن لندن نہیں جائے گا جبکہ ان کے ساتھ ایک اور شخص کی بھی ٹکٹ کنفرم کرائی گئی ہے جن کا نام محمد حنیف بتایا جا رہا ہے اور یہ ٹکٹ محمد حنیف کے نام سے ہی بک کروائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز ان دنوں لندن میں زیر علاج ہیں جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز، صاحبزادے حسن اور حسین کے علاوہ داماد کیپٹن(ر)صفدر کے علاوہ ان کے بچے بھی لندن میں ہی ہیں۔