اسلام آباد (آئی این پی )حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں کرلیں،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 19روپے33 پیسے فی لیٹرتک اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی گئی، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2روپے 20پیسے، مٹی کا تیل19 روپے 33 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 14 روپے 10پیسے فی لیٹر اضافے
کی سفارش ۔تفصیلات کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ یکم اکتوبر سے پیٹرول 2 روپے 36پیسے فی لیٹر مہنگا کیا جاے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 20پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جاے ۔ مٹی کا تیل19 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 14 روپے 10پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی۔ وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے وزارت خزانہ کو یہ بھی تجویز دی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں سے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی شرح کم کرکے قیمتوں کو پرانی سطح پر برقرار رکھا جائے۔ وزیر خزانہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد حتمی اعلان (آج) ہفتہ کو کریں گے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کل اتوار یکم اکتوبر سے ہو گا۔