پشاور(این این آئی) تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات میں کم وقت رہ جانے کے باعث سابق وزیر ضیاء اللہ آفریدی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے باوجود انکی نااہلی کا ریفرنس نہ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ضمنی الیکشن سے بچا جا سکے۔سابق وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی
کی پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے وقت تحریک انصاف نے ضیاء اللہ آفریدی کو اسمبلی رکنیت سے نااہل قراردلوانے کیلئے اسپیکر کو ریفرنس بھیجنے پر اتفاق کیا تھا کہ جب وہ باقاعدہ شمولیت اختیار کرلیں تب ہی ریفرنس کے بارے میں غور کیا جائے گا اب جب کہ ضیاء اللہ آفریدی باقاعدہ پیپلزپارٹی میں شامل ہو چکے ہیں اس کے باوجود تحریک انصاف کی قیادت ان کی نااہلی کے لئے ریفرنس بھجوانے سے گریز کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں چند ماہ ہیں اور اگر اس دوران ضیاء اللہ آفریدی کو نااہل قراردلوایا جائے تو پی کے ون پشاور میں ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت کو اگر شکست ہو گئی تو اس کے اثرات عام انتخابات پر مرتب ہونگے، اس لئے تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی معرکے سے بچنے کیلئے ریفرنس بھجوانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر پارٹی قیادت نے فیصلہ کر لیا تو اس صورت میں ریفرنس بھجوانے میں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں کی جائے گی۔