اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیـٹر اسحاق ڈار کی اہم حلقوں سے مفاہمت کی کوشش ناکام، شریف خاندان کے علم میں لائے بغیر اہم حلقوں سے رابطوں پر شریف خاندان ناراض، تنائو کم کروانے کیلئے قریبی شخصیات کی کوششیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے معاملات سلجھانے کیلئے اہم حلقوں سے مفاہمت کی کوشش کی ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
اسحاق ڈار کی ان سرگرمیوں کا علم شریف خاندان کو ہونے پر شریف خاندان ان سے ناراض ہو گیا ہے اور تعلقات میں تنائو پیدا ہو گیا ہے کیونکہ اسحاق ڈار نے شریف خاندان کو اس حوالے سے باخبر نہیں رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے کئی ماہ سے سیاسی سرگرمیوں سے لا تعلق ہو کر اپنے معاملات سلجھانے کی کوشش میں مصروف تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے وزارت خزانہ کے اہم امور کو بھی پس پشت ڈالا ہوا تھا اور ساری توجہ خود کو مشکل سے نکالنے پرمرکوز کی ہوئی تھی جس میں انہیں کامیابی نہ ہو سکی ہے اور دوسری جانب شریف خاندان کو بے خبر رکھنے پر ان کے ساتھ ان کے تعلقات میں بھی تنائو پیدا ہو چکا ہے اور وہ ان سے ناراض ہے بلکہ پہلے سے موجود شک کے سائے گہرے ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ شریف خاندان پہلے سے ہی سمجھتا ہے کہ مشرف دور میں اپنے آپ کو بچانے اور معاملات سلجھانے کیلئے اسحاق ڈار نے چند ایسے اقدامات کئے تھے جس سے نہ صرف پارٹی ساکھ کو نقصان پہنچا تھا بلکہ شریف خاندان کی ساکھ پر بھی حرف آیا تھا۔