لاہور( این این آئی)الیکشن کمیشن کی طرف سے پولنگ کیلئے مقررہ وقت میں مزید اضافہ نہ کرنے کے باعث ووٹروں کی ایک بڑی تعداد اپنا ووٹ کاسٹ کرنے سے محرو م رہ گئی ، پولنگ اسٹیشنز کے باہر قطاروں میں کھڑے ووٹرز پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کامطالبہ کرتے رہے لیکن سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے دروازے بند کر دئیے ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب
کیلئے پولنگ کیلئے مقررہ وقت پانچ بجے میں مزید اضافہ نہ کیا گیا اور پانچ بجتے ہی پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دئیے گئے جس کے باعث ووٹروں کی ایک بڑی تعدا د اندر داخل نہ ہو سکنے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کر سکی تاہم پولنگ اسٹیشنز کے اند موجود ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ۔ اس موقع پر پولنگ اسٹیشنز کے باہر جمع ووٹرز پولنگ کیلئے ایک گھنٹہ وقت بڑھانے کا مطالبہ کرتے رہے لیکن سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے کسی کی ایک نہ سنی اور دروازے بند کر دئیے ۔ درین اثنا حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے حامیوں کی طرف سے ان کے ووٹ دوسرے حلقے میں تبدیل کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں ۔ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے آنے والوں کا کہنا تھاکہ انہوں نے گزشتہ سال یہی ووٹ کاسٹ کیا لیکن اب ان کے ووٹ حلقہ این اے 121میں منتقل کر دئیے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کی طرف سے الزام لگایا گیا کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا جبکہ کئی ووٹروں کی طرف سے لسٹوں میں نام شامل نہ ہونے کی شکایات بھی کی گئی ہیں۔