اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان میں گڈ گورننس کا آغاز ہے‘ اب پاپا بھی واپس آئے گا ‘ پپو بھی آئے گا اور پیسہ بھی ملک میں واپس آئے گا‘ سپریم کورٹ کی وجہ سے کیسز احتساب عدالت
میں جارہے ہیں‘ نواز شریف کے وکلاء کی معصوم سی خواہش تھی کہ سپریم کورٹ بھی دوسرے اداروں کی طرح سویا رہے۔ جمعہ کو فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم مبارکباد کی مستحق ہے کہ نظر ثانی درخواستیں بھی خارج کردی گئی ہیں۔ یہ طے ہوگیا ہے کہ پاپا بھی واپس آئیں گے۔ پپو بھی واپس آئے گا اور پیسہ بھی ملک میں واپس آئے گا۔ پاکستان کے لوگوں کو سپریم کورٹ سے امید تھی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وکلاء کی معصوم سی خواہش تھی کہ سپریم کورٹ بھی دوسرے اداروں کی طرح سویا رہے۔ جی ٹی روڈ سے لیکر این اے 120 تک بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ ان کی ایک ہی درخواست تھی کہ نگران جج کو ہٹایا جائے تاکہ دودھ کی نگرانی بلے کو دے دی جائے تاکہ اپنی مرضی کے فیصلے کرائے جاسکیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان میں گڈ گورننس کا آغاز ہے جس کے نتیجے میں احتساب کا عمل اپنی تکمیل تک پہنچے گا۔ حدیبیہ کیس بھی اب کھل رہا ہے صرف سپریم کورٹ کی وجہ سے کیسز احتساب عدالت میں جارہے ہیں۔ تین ہزار کروڑ روپیہ جو ملک سے باہر گیا وہ پاکستان کی عوام کا پیسہ ہے۔