کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین لندن روانہ ہوگئے۔ ڈاکٹر عاصم کراچی سے براستہ دبئی لندن روانہ ہوئے۔ڈاکٹر عاصم حسین کی والدہ ڈاکٹر اعجاز فاطمہ بھی ان کے ہمراہ علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوئی ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف زردای کے معتمد خاص ڈاکٹر عاصم علاج کی غرض سے لند ن میں قیام کریں گے اور7اکتوبر کو ان کی وطن واپسی ہوگی،
واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم پر دہشت گردوں کا علاج معالجہ اور اربوں روپے کی کرپشن کے کیس تھے جن میں عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا جس کے بعد وہ علاج کیلئے لندن روانہ ہوئے۔ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ پاکستان میرا گھر ہے واپس ضرور آؤں گا، واپسی کب ہوگی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان میرا گھر ہے ضرور واپس آؤں گا، ابھی تو فی الحال علاج کرانے کیلئے جارہاہوں پہلے اپنا علاج کراؤں گا پھر دوسروں کا علاج کروں گا۔ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ واپس آنے کے لیے بیرون ملک جا رہا ہوں۔ ڈاکٹرعاصم حسین اتوار کی صبح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے غیرملکی پرواز ای کے 601سے علاج کے لیے لندن روانہ ہوئے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن اور دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام ہیں تاہم اس وقت وہ ضمانت پر ہیں۔کراچی ائیرپورٹ پرانہیں پیپلزپارٹی کے رہنما انجینئرتیمورتالپوراورعزیزواقارب اورپیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے رخصت کیا۔ روانگی سے قبل پی پی رہنماؤں نے ڈاکٹرعاصم حسین کے ساتھ تصاویربھی بنوائیں۔ خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 15 اپریل 2017 کو ڈاکٹرعاصم حسین کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت اور سپریم کورٹ نے 29 اگست کو حکومت سے ان کا نام ای سی ایل لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کی تھی۔