اسلام آباد (این این آئی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ بتاریخ 7ستمبر 2017ء میں عارف حمید بھٹی کی جانب سے اﷲ تعالیٰ کا ذکر انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں کرنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سات یوم یعنی 15ستمبر 2017ء تک جواب طلب کر لیا ہے۔
ٹی وی چینل کا یہ عمل پیمرا قوانین اور ضابطہ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا 2015ء کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔اتھارٹی نے مذکورہ خلاف ورزی پر چینل انتظامیہ سے بذریعہ اظہارِ وجوہ سات یوم یعنی 15ستمبر 2017ء تک جواب طلب کر لیا ہے اور چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھی مذکورہ تاریخ کو ذاتی شنوائی کیلئے طلب کیا ہے۔ عدم پیروی کی صورت میں پیمرا قوانین کے تحت یکطرفہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔