پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شہرام ترکئی نے کہا ہے کہ ڈینگی سے اب تک اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے۔ عائشہ گلالئی اسپتالوں کے نام پر سیاست نہ کرے،مریضوں کو تمام سہولیات مل رہی ہیں ۔صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی کا ہیلتھ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ڈینگی سے متعلق محکمہ تعلیم کے تعاون سے اسکولوں میں ڈاکٹروں کو بھیج کرڈینگی آگاہی مہم چلائیں گے۔
مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے چار سوپچاس مریض داخل ہیں،اب تک ڈینگی سے اٹھارہ اموات ہوئیں ،وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صرف ڈینگی نہیں ہیلتھ میں اور بھی مسائل کو حل کرنا ہے، شہرام ترکئی نے کہا کہ پنجاب کی ٹیم کو دوبارہ خوش آمدید کریں گے،شہرام ترکئی نے عائشہ گلالئی سے متعلق کہا کہ ڈینگی معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،روزانہ ڈرامے اچھے نہیں ،پنجاب کی ٹیموں کو دوبارہ بھی خوش آمدید کہیں گے،صوبائی وزیرصحت کا کہنا تھا کہ فضائی اسپرے ہائی کورٹ کے فیصلے پر نہیں کیا جاسکتا۔