خیبر ایجنسی /کوہلو(این این آئی)وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی خیبر ایجنسی کے قبائلی افراد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان اور افغانستان و پاکستان کے لیے جاری کی گئی نئی پالیسی کے خلاف طورخم سرحد تک احتجاجی مارچ کیا۔خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد لنڈی کوتل میں حمزہ بابا گراؤنڈ میں جمع ہوئی جس کے بعد ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے یہ مظاہرین طورخم سرحد کی جانب بڑھے۔احتجاجی ریلی میں سینکڑوں گاڑیاں
بھی شامل تھیں جبکہ مظاہرین میں شامل کئی افراد کا تعلق سکھ برادری سے تھا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز (27 اگست کو) قبائلی عمائدین نے ایک جرگے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر احتجاجی مظاہرے کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔دوسری جانب قبائلی مظاہرین کے احتجاج کی وجہ سے پاک افغان سرحد پر واقع طورخم گیٹ کو ہر قسم کی نقل و حرکت کے لیے بند کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق قبائلی افراد کی ریلی کے پیش نظر سیکیورٹی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے باب پاکستان کو بند کیا گیا۔