کراچی(این این آئی)نیب حکام نے ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر اہم معاملات کی تفتیش کرنے والے تفتیشی افسر کو نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں ملنے پر رینجرز حکام کو آگاہ کردیاہے۔ذرائع کے مطابق وزرات پیٹرولیم کے ماتحت اداروں اور ڈاکٹر عاصم سے متعلق تحقیقات کرنے والے افسر کو دھمکیاں ملنے اور تعاقب کرنے پر نیب حکام نے نوٹس لے لیا۔ نیب کے تفتیشی افسر کا تعاقب کرنے والی سرکاری گاڑی کی تصویر بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری گاڑی نمبر ایس پی 0141 نے سچل کے علاقے میں
پیچھا کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب کے تفتیشی افسر کو دھمکیاں اور اس کا تعاقب وزارت پیٹرولیم کے ماتحت اداروں میں کرپشن ریفرنس اور انکوائریوں سے الگ ہونے کے لیے کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے تفتیشی افسر کو دھکمیاں دینے اور تعاقب کرنے کے حوالے سے سچل تھانے میں رپورٹ درج کرادی ہے۔ نیب حکام نے تفتیشی افسران کو دھکیاں ملنے کے معاملے رینجرز کو بھی آگاہ کردیا۔نیب کا تفتیشی افسر ڈاکٹر عاصم سمیت متعدد ریفرنس اور کرپشن انکوائریوں میں تحقیقات کررہا ہے۔