اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مردم شماری کے پاکستان کی آبادی کے اعداد و شمار جا ری کر دیے گئے ہیں، مردم شماری کے ان تازہ اعداد و شمار کے مطابق آبادی کے لحاظ سے کراچی پہلے جبکہ کوئٹہ دسویں نمبر پر ہے،آبادی کے لحاظ سے 10 بڑے شہروں میں صوبہ پنجاب کے 5 شہر شامل ہیں۔ ادارہ شماریات نے پاکستان کے زیادہ آبادی والے 10بڑے شہروں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آبادی کے لحاظ سے کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے
جس کی کل آبادی 1کروڑ 49 لاکھ 10ہزار 352 نفوس پر مشتمل ہے، لاہور پاکستان کا آبادی کے لحاظ سے دوسرا بڑا شہر ہے جس کی کل آباد ی1 کروڑ 11 لاکھ 26 ہزار 285 ہے۔ فیصل آباد جو کہ پاکستان کا مانچسٹر ہے آبادی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے اس کی آبادی 32 لاکھ 3 ہزار 846 نفوس پر مشتمل ہے اس فیصل آباد آبادی کے لحاظ سے پنجاب کا دوسرا بڑا شہر بن گیا ہے۔ راولپنڈی آبادی کے لحاظ سے چوتھا بڑا شہر ہے اس کی آبادی 20 لاکھ 98 ہزار 231 نفوس پر مشتمل ہے۔ گوجرانوالہ آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا شہر ہے اس کی کل آبادی 20 لاکھ 27 ہزار ایک ہوگئی ہے۔ آبادی کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر خیبرپختونخوا کا دارالحکومت پشاور ہے جس کی کل آبادی 19 لاکھ 70 ہزار 42 نفوس پر مشتمل ہے، ساتویں نمبر پر اولیا کی سرزمین ملتان ہے جس کی آبادی 18لاکھ 71 ہزار 843 نفوس پر مشتمل ہے۔ حیدر آباد جو کہ صوبہ سندھ کا اہم شہر ہے آبادی کے لحاظ سے آٹھویں نمبر پر ہے جس کی کل آبادی 17 لاکھ 32ہزار 693 افراد پر مشتمل ہے۔ نویں پر پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد ہے جس کی آبادی 10 لاکھ 14ہزار 825 افراد پر مشتمل ہے۔ صوبہ بلوچستان سے کوئٹہ شہر آبادی کے لحاظ سے دسواں بڑا شہرہے جس کی مجموعی آبادی 10 لاکھ 1ہزار205 افراد پر مشتمل ہے۔