لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 پر ضمنی الیکشن کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن) کے مرد کارکنوں نے مبینہ طور پر پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی کی اور انہیں ہراساں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ واقعہ لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں پیش آیا جہاں پی ٹی
آئی کی نامزد اُمیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم جاری تھی، اور اس دوران 8 خواتین سے مبینہ طور بدتمیزی کی گئی۔قلعہ گجر سنگھ تھانے میں درج کرائی گئی ایک درخواست میں الزام لگایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارشد خان اور دیگر نے پی ٹی آئی کی ٹیم کو ہراساں کیا۔پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے تھانے کا دورہ کرنے کے باوجود پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا، انہوں نے صرف درخواست وصول کی۔