اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کے خلاف امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی ریلی پرتشدد رخ اختیار کرگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر آئی ایس او کے کارکنان اور پولیس کے درمیان اس وقت جھڑپ ہوگئی،
جب مظاہرین رکاوٹیں ہٹاکر آگے بڑھنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں روکنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں بہت سے مظاہرین زخمی ہوگئے۔ پولیس کے لاٹھی چارج پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ مظاہرین امریکی قونصل خانے کی طرف جانا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں روکا، پہلے مذاکرات کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی لیکن مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔ اس تصادم کے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں پہنچایاگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی کے شرکاء کو امریکی قونصل خانے جانے کی اجازت نہیں دی گئی، انہیں شاہ خراساں سے نمائش چورنگی تک ریلی نکالنے کی اجازت دی گئی اور مظاہرین پر امن طریقے سے نمائش چورنگی بھی پہنچ گئے اور وہاں انہوں امریکہ کے خلاف نعرے بھی لگائے، اسی دوران مظاہرین نے آگے جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر معاملہ بڑھ گیا، اب مظاہرین نے پرامن طور پر منتشر ہونے پر راضی ہو گئے ہیں۔