لاہور (این این آئی )عام لوگ اتحاد پارٹی کے سربراہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سیاسی جماعتوں نہیں بلکہ عوام کیلئے کڑا امتحان ثابت ہوں گے ، خود کو قومی رہنما کہنے والوں کے چہرے سب کے سامنے ہیں اور اب عوام نے فیصلہ کرنا ہے انہوں نے اپنا وزن کس کے پلڑے میں ڈالنا ہے،انصاف کا تقاضہ ہے کہ تعلیمی نصاب کو یکساں کیا جائے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو جس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے
وہاں پر ہمیں بطور قوم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے لیکن بد قسمتی سے یہاں ملک و قوم کو ترقی دینے کی بجائے اپنی ترقی کا سوچا گیا۔ آئندہ عام انتخابات سیاسی جماعتوں نہیں بلکہ عوام کے لئے کڑا امتحان ثابت ہوں گے اب عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے ملک کو کس سمت میں لے کر جانا ہے۔ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ عوام کو سماجی اور معاشی انصاف کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور جب تک جسم میں ہمت باقی ہے اسے جاری رکھیں گے۔