گوجرانوالہ (این این آئی)وزیردفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اب بھی امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے لیکن اس کی بنیاد حقائق پر مبنی ہونی چاہیے ۔وزیردفاع خرم دستگیر نے گجرانوالہ میں تقریب سے خطاب ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی بات بڑی صراحت سے امریکا کو باور کروائی ہے ٗ ہم اب بھی امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں مگر اس کی بنیاد حقائق پر مبنی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان شنگھائی تعاون کونسل کا رکن بنا، جو کہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں پاکستان، چین، بھارت اور روس ایک ساتھ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں روس کے ساتھ بھی تعلقات کو فروغ دیا ہے اور پہلی مرتبہ روس کے ساتھ دفاعی مشقیں کی ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا نے 2001 کے بعد کوئی تجارتی مراعات نہیں دیں، جو واپس لے سکے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ بہت جلد چین جائیں گے، چین نے اس وقت ہماری مدد کی جب کوئی مدد کے لیے تیار نہیں تھا۔