اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نئی افغان پالیسی بہانہ اصل ہدف پاکستان کے ایٹمی ہتھیار ہیں، بھارتی اخبار کی ہرزہ سرائی اندر کی کہانی سامنے لے آئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیرو کے روز نئی افغان پالیسی کا اعلان کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے خلاف خوب زہر اگلا ہے تاہم ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف زہر فشانی کے بعد بھارتی میڈیا
بھی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں مـصروف ہے ۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹائمز کی ایک رپورٹ پاکستان کے خلاف نئی بھارتی و امریکی صف بندی کی اندرونی کہانی سامنے لے آئی ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ کی افغان پالیسی دراصل ایک بہانہ ہے اصل ہدف پاکستان کے ایٹمی ہتھیار ہیں۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹائمز نے ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کو پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر شدید تحفظات ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ خطے میں جو معاملہ بار بار سر اٹھاتا ہے وہ ایٹمی پروگرام ہے، یہ جنوبی ایشیا کی حکمت عملی کا بہت ہی سنگین مسئلہ ہے۔ امریکہ کو خطرہ ہے کہ پاکستان کے نیوکلیئر ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ سکتے ہیں۔امریکی عہدیدار نے کہا کہ امریکہ کی جنوبی ایشیا پالیسی میں پاک بھارت تنازعہ بھی اہم مقام رکھتا ہے، دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اور دونوں میں جاری تنازعات ختم کرانے ہوں گے تاکہ کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی سے بچا جا سکے۔ ’ہمیں ان ایٹمی ہتھیاروں پر شدید تحفظات ہیں جو میدان جنگ میں استعمال کرنے کیلئے بنائے گئے ہیں، اس قسم کے ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھوں میں جا سکتے ہیں جس سے خطے میں ایٹمی جنگ شروع ہو سکتی ہے‘۔