منگل‬‮ ، 24 دسمبر‬‮ 2024 

قومی اسمبلی میں انتخاب بل 2017ء اتفاق رائے سے منظور،تفصیلات سامنے آگئیں،انتخابی اخراجات کی حد مقرر،سزاؤں کا بھی اعلان

datetime 22  اگست‬‮  2017
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی نے حکومتی اور اپوزیشن کی بعض ترامیم کیساتھ انتخاب بل 2017ء کی اتفاق رائے سے منظوری دیتے ہوئے اپوزیشن اراکین کی جانے والی اکثر ترامیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں ٗ انتخاب بل 2017کے نافذ العمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کو مکمل مالی اور انتظامی خودمختاری حاصل ہو جائیگی‘ الیکشن کمیشن انتخابات سے چھ ماہ قبل اپنا لائحہ عمل تیار کریگا‘ ہر مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں ہوں گی‘ ایک پولنگ سٹیشن سے دوسرے پولنگ سٹیشن کا فاصلہ ایک کلو میٹر سے کم ہوگا‘

قومی اسمبلی کے امیدوار کے لئے اخراجات کی حد 40 لاکھ ‘ صوبائی اسمبلی 20 لاکھ جبکہ سینٹ کے لئے 15 لاکھ ہوگی ٗ کسی بھی سیاسی جماعت کو ممنوعہ ذرائع سے فنڈز لینے پر پابندی ہوگی ٗپولنگ سٹیشن سے بیلٹ پیپر باہر لے جانے‘ بیلٹ پیپر خراب کرنے‘ جعلی بیلٹ پیپر بنانے پر اگر انتخابی عملہ جرم کا مرتکب پایا گیا تو اسے چھ ماہ کی قابل توسیع مدت قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی ٗالیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف 30 یوم میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جاسکے گی جبکہ مقامی حکومت کے انتخاب پر ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل ہائی کورٹ میں دائر کی جاسکے گی۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نئے قانون کی 155 شقیں یکجا کرکے اتفاق رائے سے منظور کرلی گئیں جبکہ بقیہ 86 شقیں بعض ترامیم کے ساتھ منظور کی گئیں۔ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی اکثر ترامیم کثرت رائے سے مسترد کردی گئیں جبکہ وزیر قانون زاہد حامد کی جانب سے پیش کی جانے والی ترامیم منظور جبکہ اپوزیشن اراکین کی جانب سے بعض ترامیم واپس بھی لے لی گئیں۔ نئے قانون کے مطابق نامزدگی فارم کو سادہ بنایا گیا ہے۔ ایک رکن کی جانب سے دولت گوشوارہ جمع کرانے کے لئے وہی فارم ہوگا جیسا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے تحت جمع کرایا جاتا ہے۔ انتخابی تنازعات نمٹانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔

ہر ضلع کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل کردہ حلقہ بندی کمیٹی کی جانب سے مقامی حکومت کی حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔ نگران حکومت کے فرائض کو روزانہ کے معمولات غیر متنازعہ معاملات تک محدود کردیا گیا ہے ماسوائے ضروری معاملات کے یہ بڑے پالیسی فیصلے نہیں کرے گی۔ تمام سیاسی جماعتیں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی عمومی نشستوں پر 5 فیصد ٹکٹ خواتین کو دینے کی پابند ہوں گی۔ خواتین کو انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ شریک کرنے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

اگر کسی حلقے میں کل ڈالے گئے ووٹوں کا دس فیصد سے کم خواتین کے ووٹ پول ہوئے تو وہاں پر تحقیقات کرائی جائیں گی کہ یہاں کوئی معاہدہ تو نہیں کیا گیا یا خواتین پر ووٹ ڈالنے کی پابندی تو عائد نہیں کی گئی۔ اگر ایسا ثابت ہوا تو متعلقہ پولنگ سٹیشنوں یا پورے حلقے کا انتخاب کالعدم قرار دیا جائے گا۔ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لئے لازم ہوگا کہ اس کے ممبران کی تعداد 2000 ہو جبکہ رجسٹریشن فیس 1 لاکھ روپے ہوگی۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو ممنوعہ ذرائع سے فنڈز لینے پر پابندی ہوگی۔

ایک لاکھ سے زائد چندہ دینے والے افراد کی فہرست کمیشن کو مہیا کی جائے گی۔ کوئی بھی سیاسی جماعت جس کے بارے میں یہ ثابت ہو جائے کہ اس نے غیر ملکی امداد حاصل کی ہے یا وہ بیرونی فنڈز سے تشکیل دی گئی ہے یا وہ پاکستان کی خودمختاری یا سالمیت کے خلاف کام کر رہی ہے یا دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کے بارے میں حکومت سرکاری جریدے میں نوٹیفکیشن کے ذریعے اس کو تحلیل کرنے کا اعلامیہ جاری کریگی۔ حکومت 15 دن کے اندر یہ معاملہ سپریم کورٹ کو بھجوائے گی۔

اگر سپریم کورٹ ذیلی دفعہ ایک کے تحت سیاسی جماعت کے خلاف اعلامیہ کو برقرار رکھتی ہے تو مذکورہ سیاسی جماعت تحلیل متصور ہوگی اور ایسی صورت میں اس کے مجلس شوریٰ‘ صوبائی اسمبلیوں یا مقامی حکومتوں میں موجود اراکین بھی نااہل تصور ہوں گے۔ سیاسی جماعتوں کے لئے مختص انتخابی نشانات ایک دوسرے سے قطعی طور پر مختلف ہوں گے۔ ہر مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔

ایک صوبے میں ایک حلقے سے دوسرے حلقے میں ووٹوں کا تناسب دس فیصد سے زائد نہیں ہوگا۔ امیدواروں کو ووٹروں کی تصاویر پر مشتمل انتخابی فہرستیں فراہم کی جائیں گی۔ انتخابی مبصرین کو پولنگ سٹیشن ووٹوں کی گنتی اور نتائج کی تیاری تک رسائی دے کر انتخابات کے انعقاد کے عمل کا مشاہدہ کرنے کی اجازت الیکشن کمیشن اپنے طور پر دے سکتا ہے۔

کمیشن سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے سیاسی جماعتوں‘ امیدواروں‘ پولنگ ایجنٹوں‘ سیکیورٹی عملہ‘ میڈیا اور مبصرین کے لئے ضابطہ اخلاق مرتب کرے گا۔ انتخابی مہم کی نگرانی کے لئے ایک نگران ٹیم تشکیل دی جائے گی جو باقاعدہ بنیاد پر اپنی رپورٹ کمیشن کو دے گی۔ کمیشن کا کوئی ملازم اگر سرکاری معلومات یا ڈیٹا کو کمیشن کی جانب سے اختیار دیئے جانے کے بغیر کسی فرد کو فراہم کرتا ہے ‘

انتخابی فہرستوں کی ڈیٹا بیس میں شامل کسی معلومات یا ڈیٹا کی سیکیورٹی کی خلاف ورزی کرتا ہے یا اس کا غلط استعمال کرتا ہے تو اسے ایک سال قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔ پولنگ سٹیشن پر حملہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے‘ ہتھیاروں کی نمائش‘ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے‘ پریزائیڈنگ آفیسر یا پولنگ عملے کے اغواء کی کوشش یا بیلٹ باکس یا بیلٹ پیپر چھیننے کی کوشش پر پریزائیڈنگ آفیسر ریٹرننگ آفیسر کو واقعہ کی تحریری رپورٹ کرے گا

اور مبینہ قصور وار کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے ضلعی پولیس کے سربراہ کے سپرد معاملہ کیا جائے گا۔ انتخابی عملہ یا سیکیورٹی پر مامور اہلکار اگر کسی فرد کو رائے دہی کی ترغیب دیتا ہے ‘ انتخابی نتیجے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولنگ سٹیشن سے بیلٹ پیپر باہر لے جانے‘ بیلٹ پیپر خراب کرنے‘ جعلی بیلٹ پیپر بنانے پر اگر انتخابی عملہ جرم کا مرتکب پایا گیا تو اسے چھ ماہ کی قابل توسیع مدت قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔

خلاف ضابطہ کام کے جرم کا مرتکب شخص تین سال کی قابل توسیع مدت قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے یا دونوں مستوجب ہوگا۔ اگر کسی حلقے میں دو امیدواروں کے درمیان ووٹ برابر ہوں تو انہیں آدھی آدھی مدت کے لئے منتخب تصور کیا جائے گا۔ پہلی مدت کے لئے قرعہ اندازی سے فیصلہ کیا جائے گا۔ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف 30 یوم میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جاسکے گی جبکہ مقامی حکومت کے انتخاب پر ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل ہائی کورٹ میں دائر کی جاسکے گی۔

انتخابی اخراجات کے لئے ایک الگ سے بنک اکاؤنٹ کھولا جائے گا۔ انتخابات کے نتائج کے اجراء کے 30 دن کے اندر کامیاب امیدوار کے علاوہ تمام امیدواروں کی جانب سے انتخابی اخراجات کا گوشوارہ جمع کرانا لازمی ہوگا۔ نامزدگی کے بعد اگر کوئی امیدوار وفات پا جاتا ہے تو اس حلقے میں انتخاب ملتوی کردیا جائے گا۔ ہر حلقے سے خواتین اور مردوں کے ڈالے گئے ووٹوں کے تناسب کے الگ الگ گوشوارے بھی مرتب کئے جائیں گے۔

اگر کسی حلقے میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی شکایات ہوں تو مجاز افسر یہاں پر پولنگ روک سکے گا۔ حساس پولنگ سٹیشنوں کے اوپر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اجراء کے ساتھ ہی اس فرد کا ووٹر فہرست میں نام بھی درج ہو جائے گا۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہوں گے۔ رائے دہی کے اوقات کم سے کم آٹھ گھنٹے تک ہوں گے۔ کمیشن انتخابی فہرستوں میں غیر مسلموں‘ معذور اشخاص اور ہم جنس شہریوں کی رجسٹریشن کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گا۔ ایک شخص کا ووٹ ایک ہی جگہ پر درج ہوگا۔

کمیشن ہر سال کے اختتام کے 90 ایام کے اندر اپنی سالانہ سرگرمیوں کی رپورٹ شائع کرے گا۔ وفاقی حکومت اور ہر ایک صوبائی حکومت کو اس کی کاپی ارسال کی جائے گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں یہ رپورٹ دو ماہ کے اندر اپنے اپنے متعلقہ ایوانوں میں پیش کریں گی۔ عام انتخابات کے انعقاد سے کم سے کم چھ ماہ قبل حلقہ بندیاں‘ انتخابی فہرستوں پر نظرثانی‘ سیاسی جماعتوں کے اندراج‘ نشانات متعین کرنے‘ انتخابی عملہ کے تقرر‘ پولنگ سٹیشنوں کی حلقہ وار فہرست‘ انتخابی عملے کی فہرست‘

انتخابی نتائج کے لئے شفاف نتیجے کے انصرام کے نظام کے قیام ‘ کسی بھی نئی ٹیکنالوجی کے تعارف‘ انتخابی مبصرین کے لئے انتظامات‘ انتخابی ٹریبونلز کا تقرر‘ سیکیورٹی کے اقدامات سمیت تمام امور کو حتمی شکل دی جانی لازمی ہوگی۔ اس نئے قانون کے تحت انتخابی شیڈول کے اجراء سے پولنگ تک کوئی بھی سیاسی جماعت پانچ کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات نہیں کر سکے گی۔

الیکشن کمیشن کے پاس عدالت عالیہ کی طرح توہین پر سزا دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔یاد رہے کہ ڈھائی سال قبل وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں 33 رکنی پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی مختلف ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں جبکہ زاہد حامد کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی کے 93 اجلاس ہوئے جبکہ پارلیمانی کمیٹی کے 25 اجلاس منعقد ہوئے۔

اس طرح کل 118 اجلاس منعقد ہوئے۔ ان اجلاسوں میں پارلیمان‘ وکلاء‘ سول سوسائٹی سمیت دیگر ذرائع سیموصول ہونے والی 631 مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی انتخابی اصلاحات کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے توصیفی قرارداد منظور کرلی ہے جبکہ قرارداد میں تجویز دی گئی ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ممبران‘

سیکرٹری کمیٹی‘ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور وزارت قانون کے سینئر ڈرافٹ مین کو صدارتی ایوارڈ دیا جائے۔ قرارداد وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ انتخابی اصلاحات کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے 129 اجلاس ہوئے۔ 8 مختلف انتخابی قوانین کو یکجا کرکے ایک یکساں بل لایا گیا ہے جس کے لئے کمیٹی کی پارلیمانی خدمات پر اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ہر جماعت کے کمیٹی میں شامل ایک یا ایک سے زائد ممبران نے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔

اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے بعض نکات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کی اکثر نشستوں میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے بات ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے یہ شق بل میں شامل ہے کہ الیکشن کمیشن پائلٹ پراجیکٹ بنا کر اس پر کام کرے گا اور اس کی رپورٹ پندرہ دن کے اندر اندر ایوان میں پیش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ اس پر کام نہیں ہوا یہ زیادتی ہے۔ اس پر بہت کام ہوا ہے اور بہت محنت کی گئی ہے۔بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کا صدارتی فرمان پڑھ کر سنایا۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…