لاہور(این این آئی) قومی احتساب بیورو کے لاہور ڈویژن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کوتفتیش کے لیے 22 اگست کو طلب کرلیا ۔میڈیا رپورٹ میں نیب ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق انکوائری شروع کردی گئی ہے۔نیب لاہور نے اسحاق ڈار کو تفتیش کے لیے 22 اگست کو طلب کرلیا ہے جبکہ اس قبل انہیں 18 اگست کو بھی طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے خلاف ان کی آمدن میں 91 گنا اضافے کی تفصیلات سے متعلق تفتیش کی جائیں گی۔نیب اسحاق ڈار سے ان کی آمدن میں اضافے کے علاوہ فلیگ شپ انویسٹ منٹ، ہارٹ سٹون پراپرٹیز، کیو ہولڈنگز، کیونٹ ایٹن پلیس، کیونٹ سولین لمیٹڈ، کیونٹ لمیٹڈ، فلیگ شپ سکیورٹیز لمیٹڈ، کومبر انکارپوریشن اور کیپیٹل ایف زیڈ ای سمیت 16 اثاثہ جات کی تفتیش بھی کرے گی۔