اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کی طرف سے سابق وزیراعظم کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے لاہور تک جی ٹی روڈ کے راستے ریلی کا اہتمام کیا، یہ ریلی مختلف جگہوں پر قیام کرتے ہوئے لاہور تک پہنچی، راستے میں کارکنوں کی طرف سے استقبال کے ساتھ ساتھ بکروں کے صدقے بھی دیے گئے، مگر گجرات کے مسلم لیگ (ن) کے کارکن اورنگزیب بٹ نے تو کمال ہی کر دیا، وہ صدقے کے لیے اونٹ لے آئے وہ ریلی گزرنے سے دو روز قبل، اور اس اونٹ پر جو
تحریر لکھوائی وہ بھی بڑی دلچسپ ہے اونٹ پر لکھا تھا ’’ہم سب نواز ہیں‘‘۔ نواز شریف کا قافلہ گجرات سے گزر گیا مگر اونٹ قربان نہ ہو سکا، اورنگزیب بٹ یہ اونٹ کرایے پر لایا تھا، اونٹ کے مالک بشیر نے بتایا کہ اسے اونٹ کا دو دن کا کرایہ بھی نہیں دیا گیا، دو دن کا کرایہ دس ہزار روپے بنتا ہے، اونٹ کا مالک بشیر اورنگزیب بٹ کے ڈیرے پر کئی دن سے چکر لگا رہا ہے مگر اسے کرایے کے بجائے دھمکیاں مل رہی ہیں، اونٹ کے مالک بشیر کا کہنا ہے کہ مجھے میرے اونٹ کا کرایہ دلوایا جائے۔