کراچی (این این آئی) امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے اس اخباری رپورٹ کا سخت نوٹس لیا ہے جس کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل پاکستانی لڑکیوں کو مقابلۂ حسن میں شرکت کے لئے دوبئی لے جانے میں مصروف ہے۔ ہمارے ذرائع ابلاغ اور اشتہاری کمپنیاں ملک میں عریانی و فحاشی پھیلانے میں مصروف ہیں جس کاحکومتی سطح پر کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی ہمتیں بڑھتی چلی جارہی ہیں۔
افسوس کا مقام یہ ہے کہ عریانی و فحاشی کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کردہ پیٹیشن پر 24مئی 2016ء کے بعد کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ ہمیں خوشی ہے کہ طارق اسد ایڈوکیٹ نے اس ضمن میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک رٹ دائر کردی ہے اور ان کے مطابق بعض طلباء تنظیمیں بھی اس پروگرام کو بند کرانے کے لئے پرامن احتجاجی مارچ کی تیاریاں کررہی ہیں۔ اس ٹی وی چینل کی جانب لڑکیوں کو مسیج کرکے انہیں مقابلۂ حسن میں شرکت کی ترغیب دی جارہی ہے۔ ہمیں افسوس ہے کہ پیمرا نے اب تک اس نجی ٹی وی چینل کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔ امیر تنظیم اسلامی نے مذہبی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو اسمبلی کے فلو ر پر اٹھائیں اور حکومت سے مطالبہ کریں کہ وہ عریانی و فحاشی کو فروغ دینے کی ہر کوشش کے خلاف اقدامات کرے ۔ ہمارے ذرائع ابلاغ اور اشتہاری کمپنیاں ملک میں عریانی و فحاشی پھیلانے میں مصروف ہیں جس کاحکومتی سطح پر کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ہے انہوں نے علمائے کرام سے بھی اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔