اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نا اہل سابق وزیر اعظم نواز شریف کے عہدے سے ہٹنے کے بعد حکومتی معاملات ہاتھ سے نکلنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان کی جانب سے سرتاج عزیز کو ڈپٹی چیئرمین پلاننگ لگا دیا ہے جبکہ نواز شریف کی خارجہ آفس میں لگائی گئی پوری کی پوری ٹیم کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سابق وزیر خارجہ اعزاز چوہدری کو امریکہ میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سرتاج عزیز پہلے نواز شریف کے مشیر خارجہ تھے اور انہیں وزیر
کے عہدے کے برابر مراعات حاصل تھیں، وہ مکمل طور پر وزارت خارجہ کے معاملات چلا رہے تھے۔اب یہ تمام ذمہ داریاں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے پاس ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلی مرتبہ خارجہ کے تمام معاملات ایک شخصیت کے کنٹرول میں آئے ہیں ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے انجینئر امیر مقام ، پروفیسر عرفان صدیقی ، سابق گورنر کے پی مہتاب عباسی اور جام معشوق علی کو فوری طور پر وزیراعظم کا مشیر مقرر کیا گیا ہے ۔