اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں دھماکہ ہم نے کیا، خطرناک تنظیم نے ذمہ داری قبول کر لی، تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام کوئٹہ کے معروف علاقے پشین سٹاپ کے قریب ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔ کوئٹہ میں پشین سٹاپ، ایف سی ہاسٹل، بلوچستان اسمبلی اور ایک نجی ہسپتال کے قریب ایک فوجی ٹرک کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید ہوئے۔ کالعدم تنظیم داعش نے اپنی ویب سائٹ
پر کوئٹہ میں موٹرسائیکل کے ذریعے کیے گئے اس خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی تعداد 17ہے اور زخمیوں کی تعداد 35 ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ خود کش حملہ آور کا سر مل گیا ہے، واضح رہے کہ اس خود کش حملے میں فوجی ٹرک کو حملے کا نشانہ بنایا گیا، اس دھماکے کے بعد وہاں موجود گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔