اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ کی جانب سے نا اہلی کے فیصلے کو اگر عالمی عدالت انصاف میں لے جائوں تو وہ ایک منٹ میں اس فیصلے کو ختم کردیگی، گوجرانوالہ سے لاہور روانگی سے قبل مشاورتی اجلاس میں نواز شریف کی پارٹی رہنمائوں سے گفتگو۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نواز شریف نے گوجرانوالہ سے لاہور روانگی سے قبل پارٹی رہنمائوں کے
مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری نا اہلی کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا تھا،ہم سپریم کورٹ میں کچھ بھی کر لیتے یہ ہی فیصلہ ہونا تھا ،اگر سپر یم کورٹ کے اس فیصلے کو عالمی عدالت میں لے جاؤں توعالمی عدالت ایک منٹ میں اس فیصلے کو ختم کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے سے پیسے نہیں لیے تو یہ فیصلہ کیا گیا ،اگر بیٹے سے پیسے لے بھی لیتا تو فیصلہ یہ ہی ہونا تھا کیونکہ فیصلہ پہلے ہی ہو چکا تھا ۔جی ٹی روڈ ریلی کے حوالے سے گوجرانوالہ میں مشاورتی اجلاس جس میںغلام دستگیر، عابد شیر علی، خرم دستگیر، ماروی میمن، رانا ثنا اللہ اور انجینئر امیر مقام شامل تھے فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف گوجرانوالہ سے لاہور کیلئے قافلے کی صورت میں روانہ ہونگے اور لاہور میں داخلے سے قبل شاہدرہ کے مقام پر پہلا خطاب کریں گے اور اس کے بعد داتا دربار میں ریلی کے اختتام کے موقع پر آخری خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ جہلم ، گجرات اور گوجرانوالہ میں اپنے خطاب کے دوران نواز شریف کا لہجہ اور الفاظ سخت سے سخت تر ہوتے جا رہے ہیں اور ان کے سیاسی مخالفین ان کی تقاریر کو عدلیہ مخالف قرار دے رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی اس حوالے سے نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نواز شریف سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کرینگے اور نہ ہی ان کا ٹیلی فون تک اٹھائیں گے۔ سابق وزیراعظم مسلسل توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔