اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی میں وزیرمملکت عابد شیر علی اور انجینئر امیر مقام نمایاں رہے جو نواز شریف کی گاڑی کے سامنے رہے، مذکورہ دونوں رہنما اے سی گاڑی میں بیٹھنے کے بجائے ویگو گاڑی کے پیچھے ڈالے میں کھڑے ہو کر کارکنوں کو جوش دلاتے رہے جبکہ دانیال عزیز اور طلال چوہدری سمیت دیگر کئی رہنما موسم کی شدت کے باعث گاڑیوں سے باہر نہیں نکلے تاہم وزیرمملکت طارق فضل چوہدری، آصف کرمانی اور مشاہد اللہ خان ٹی وی چینلز کو انٹرویوز دیتے رہے۔
بدھ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف جب پنجاب ہاؤس سے سفر لاہور کیلئے روانہ ہوئے تو قافلے میں موجود سب سے متحرک لیگی رہنماؤں میں وزیرمملکت عابد شیر علی اور انجینئر امیر مقام شامل رہے جبکہ موسم کی شدت کے باعث کئی لیگی رہنما گاڑیوں سے باہر بھی نہ نکلے تاہم دانیال عزیز اور طلال چوہدری جو کہ ہمیشہ بڑھ چڑھ کر بیانات دیتے ہیں وہ بھی اپنی گاڑیوں کے اندر ہی براجمان رہے۔